ایک دوست نے مجھ سے پوچھا ہے کہ آپ کا نام ظفر اقبال ہے لیکن آپ کے یوٹیوب چینل اور بلاگ کا ٹائٹل “سفرِ ظفر” کیوں؟
جواب بہت سادہ ہے، زندگی بھی ایک سفر ہے جبکہ ظفرعربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی فتح، کامیابی کے ہیں لہٰذا سفرِ ظفر کا مفہوم ہے فتح و کامرانی کا سفر یا جیت کا سفر.. جب میں اپنے چینل اور بلاگ کےلیے نام سوچ رہا تھا تو یہ الفاظ میرے ذہن میں آئے جومجھے بامعنی عنوان لگے اور میں نے اسے منتخب کر لیا. چینل اور بلاگ بنانے کا میرا مقصد بھی یہی تھا کہ اس میں موضوعاتی اعتبار سے ایسا مواد شامل کیا جائے جو انسانی زندگی پر کامیابی کے اثرات مرتب کرے.
کامیاب زندگی یا کامرانی کیا ہے ہر شخص کےلیے اس کا مفہوم الگ ہے. جس کا جو نصب العین یا مقصد ہو گا اس کی کامیابی کا پیمانہ بھی وہی ہو گا کیونکہ ہر کسی کی کامیابی کا معیار الگ الگ ہے. اگر کوئی دولتمند بننا چاہتا ہے تو ارب پتی بننا اس کی کامیابی ہے اور یہی اس کا سفرِ ظفر ہے. پاکستان ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انڈیا سے میچ جیت گیا ہے یہ کامیابی کا سفر طے ہوا ہے، تو کہا جا سکتا ہے کہ کرکٹ ٹیم کا یہ سفرِ ظفر ہے.
سفرِ ظفر کو ایک اور پہلو سے بھی دیکھتے ہیں کہ بطور مسلمان دنیاوی زندگی میں ہماری کامیابی اپنے عظیم خالق حقیقی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے. اگر ہم اپنے اعمال سے رب کو راضی کر لیں تو ہماری زندگی کا سفرِ ظفر پورا ہو گیا.
چنانچہ ہر شخص کےلیے سفرِ ظفر کی توضیح و تشریح ایک الگ مفہوم رکھتی ہے. کہہ سکتے ہیں کہ جس فرد کی زندگی کا جو مقصد ہے اور وہ جو منزل پانا چاہتا ہے اس کا وہی سفرِ ظفر ہے. ہماری بھرپور کوشش ہو گی “سفرِ ظفر” میں ایسے مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا جائے جن میں ہر فرد کےلیے کامیابی و کامرانی کے پہلو شامل ہوں اور ہر شعبہ ہائے زندگی پر خوشگوار مفید اثرات مرتب ہوں. علاوہ ازیں میں نے جو پڑھا ہے اور عملی و پیشہ ورانہ زندگی میں جو سیکھا ہے یا میرے رہنما ساتھیوں نے کچھ بتایا ہے وہ وقتاً فوقتاً ترتیب کے ساتھ پیش کرتا رہوں گا. کچھ ایسی شخصیات کے انٹرویوز اور ان کے کارنامے بھی پیش کئے جائیں گے جنہوں نے زندگی میں فتح و کامرانی کی منازل حاصل کیں اور اس راہ میں انہیں جو چیلنجز اور مشکلات درپیش ہوئیں تو ان پر قابو پانے کیلئے انہوں کیا تدبر اور حکمت عملی اختیار کی!! انفرادی طور پر میری زندگی کا سفر بھی جاری ہے اس حوالے سے بھی مواد شئیر ہوتا رہے گا. تاہم میری ممکنہ کوشش یہی ہے کہ ایسی مفید معلومات اور بامعنی و بامقصد موضوعات، عنوانات اور مواد نشر کیا جائے جو نئی نسل اور افراد معاشرہ کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا باعث بنے.
اس سلسلے میں آپ کے مشورے، آراء اور تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا. انسانی زندگی کو آسان، بہتر اور فائدہ بنانے سے متعلق اگر آپ کے پاس کوئی مواد، موضوع یا ذاتی کاوش ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ اس سے افرادِ معاشرہ کی زندگی پر اچھا اثر پڑے گا تو ہمیں ارسال کیجئے. ہم اس کی نشر و اشاعت کریں گے جس سے ہمارا یہ پلیٹ فارم اور زیادہ بامقصد اور معنی خیز ہو جائے گا. براہ کرم ہماری اس کاوش کو قبول کریں اور سفرِ ظفر کو سبسکرائب کرتے ہوئے اپنے حلقہ احباب میں شئیر کریں. ہم آپ کے شکر گزار ہوں گے
