دی این جی او ورلڈ فاونڈیشن کا برکت پروگرام اسلامی اصول “مضاربہ” پر قائم ایک بابرکت اقتصادی حکمت عملی ہے. برکت پراجیکٹ مویشی پالنے والے غریب گھرانے کو شراکت داری پر پالنے کےلیے جانور فراہم کرتا ہے. جس سے معاشی طور پر کمزور کسانوں کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں غذائی ضروریات بھی میسر آ رہی ہیں. برکت پراجیکٹ، قدرتی ذرائع آمدن کے ذریعے دیہاتی گھرانوں کی غربت میں کمی لا رہا ہے. برکت پراجیکٹ کے تحت پالتو جانوروں کی افزائش و پرورش دیہی زندگی کا خاصہ اور ثقافت ہے. یہ حلال جانوروں کی افزائش نسل و پرورش اور ترقی، دودھ و چمڑے کی پیداوار اور معاشی ترقی کا ایک اہم ذریعہ ہے. دیہات کے باسیوں میں مال مویشی پالنے کی اہلیت اور صلاحیت ہوتی ہے اور دیہی علاقوں میں جانوروں کی افزائش نسل و پرورش کا انفراسٹرکچر(قدرتی وسائل، موافق و موزوں حالات) بدرجہ اتم موجود ہے. دیہاتیوں کو پالتو جانوروں کی پرورش کےلیے اضافی اخراجات یا زیادہ تگ و دو نہیں کرنی پڑتی اور مال مویشیوں کو پالنا ان کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے. اسی تناظر میں برکت پراجیکٹ کے تحت شراکت داری پر پالنے کےلیے انہیں جانور خرید کر دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں سے ان کی پرورش و دیکھ بھال سے روزی کما سکیں اور اپنی آمدنی میں براہ راست اضافہ کر سکیں..
